لاہور: (دنیا نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اس کے علاوہ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔
مزار اقبالؒ پر حاضری
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایئر پورٹ سے مزار اقبال پہنچے جہاں مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔
معزز مہمان نے شاعر مشرق علامہ اقبال کےمزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا، بعدازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں: ایرانی صدر
مزار اقبال پر میڈیا سے گفتگو میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے امت مسلمہ کو نئی راہ دکھائی، جیسے آپ کو اپنی قوم پر ناز ہے ویسے ہمیں بھی اپنی قوم پر ناز ہے، ہمیں اپنے مجاہدین پر بہت زیادہ ناز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سپریم لیڈر بھی یہی کہتے ہیں اس جنگ میں غزہ اور فلسطین والے جیتنے والوں میں سے ہوں گے، اس جنگ میں تباہی صیہونیوں اور اسرائیلیوں کی ہوگی، غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتا۔
گورنر پنجاب سے ملاقات
بعدازاں ایرانی صدر گورنر ہاؤس لاہور پہنچے جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کے فروغ اور دوطرقہ ترقی و خوشحالی بارے گفتگو کی گئی۔
گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مقامی تعطیل
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں گی، سرکاری اور نجی دفاتر بھی نہیں کھلیں گے۔