اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ حاجی محمد بن حاجی حسن سے ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے ہم منصب سے ملاقات ورلڈ اکنامک فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے فروغ کیلئے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ کے تعلقات کا جائزہ لیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اگلے دور کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقین مارکیٹوں کا مطالعہ کریں گے اور ٹھوس اقتصادی نتائج کیلئے مختلف شعبوں میں پیش کئے جانے والے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی، وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا، فریقین نے فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور فلسطینیوں کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔