اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی، یورپی یونین سفیر نے وزیر خارجہ کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان یورپی یونین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان نے یورپی یونین کے ادارہ جاتی میکنزم میں نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کی رفتار اور متواتر اعلیٰ سطح کی بات چیت کو سراہا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کو ایک قابل قدر پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے، وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی جلد از جلد بحالی کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے حمایت کا اعادہ کیا، یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اقتصادی سفارت کاری کے شعبے میں پاکستان کو تعاون کا یقین دلایا۔