وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا

Published On 05 April,2024 12:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں نجکاری پالیسی کی تشکیل کی سمری پیش کی جائے گی۔

ذرائع نے کہا کہ نجکاری پروگرام کی موجودہ صورتحال کاجائزہ ایجنڈے میں شامل ہے، اجلاس میں نجکاری کے جاری پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو نجکاری پروگرام پر کام تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس وقت 25 ادارے نجکاری کی فعال فہرست میں شامل ہیں، ہوا بازی شعبے سے پی آئی اے نجکاری فہرست میں شامل ہے، فناننشل اور ریئل سٹیٹ سے 4،4 ادارے نجکاری کے جاری پروگرام کا حصہ ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ انڈسٹریل سیکٹر کے 2 ادارے اور توانائی شعبے کے 14 ادارے نجکاری کی فعال فہرست میں شامل ہیں۔

نجکاری کے جاری پروگرام میں سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، بلوکی، حویلی بہادر، گدو اور نندی پور پاور پلانٹس بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے علاوہ تمام 10 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیاں، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، فرسٹ ویمن بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ بھی نجکاری کی فعال فہرست کا حصہ ہیں۔