اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جاپان کے سفیر نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی برآمد میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے کاروباری افراد چاہتے ہیں بھارت کیساتھ تجارت بحال ہو: اسحاق ڈار
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ترقیاتی شراکت داری کو سراہا، وزیر خارجہ نے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے فلسطین کے سفیر احمد جواد نے ملاقات کی، فلسطینی سفیر نے عہدہ سنبھالنے پر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین کاز کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور دیا۔