اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائم مقام ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق صدر آصف زرداری سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی تعاون، انسانی حقوق، علاقائی سلامتی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی اہمیت پر روشنی ڈالی، مشترکہ اہداف، اعلیٰ سطح کے روابط اور گرین الائنس فریم ورک پر بھی بات چیت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق امریکی سفیر نے شمالی وزیرستان میں حالیہ دہشت گرد حملے میں فوجیوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی امریکی سفیر بلوم نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
قائم مقام ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری اور امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔