تحریک انصاف آئی ایم ایف کو خط لکھ کرملک دشمنی ثابت کررہی ہے: اسحاق ڈار

Published On 23 February,2024 01:49 pm

لاہور : (دنیانیوز) رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ تحریک انصاف آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی ثابت کررہی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا افسوسناک اورقابل مذمت ہے، بانی پی ٹی آئی کو آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھنا چاہیے، حکومت دوسری پارٹیوں کے ساتھ ملکر بن رہی ہے،ہر چیز ڈیل ہوگی، ان کے خط کی آئی ایم ایف کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ  اس وقت ملک کا چیلنج پاکستان کے عوام کی مشکلات کو دور کرنا ہے، معاشی حالات کو درست کرنا بڑا چیلنج ہے، پاکستان میں غربت کا خاتمہ کرنا ہے، روزگار کے مواقع مہیا کرنے ہیں۔

سابق وزیرخزانہ  نے کہا کہ اس ملک کی معیشت 2017میں 24ویں بڑی معیشت بن گئی تھی، 2017میں صرف 4فیصد مہنگائی اور 6فیصد جی ڈی پی  گروتھ تھی ، فارن ایکسچینج ریزرو اعلیٰ ترین سطح پر تھے ، جس کا آج تک ریکارڈ نہیں ٹوٹا، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پوری دنیا میں پانچویں نمبر پرتھی  مگرڈان اور پانامہ  کے ڈرامے کے نتیجے میں ہماری 24ویں معیشت 47ویں معیشت بن گئی۔

 ان کاکہنا تھا کہ نوازشریف صوبائی اور وفاقی معاملات میں پارٹی کی رہنمائی کررہے ہیں، یہ کہنا کہ نوازشریف غائب ہوگئے ہیں ،مناسب الفاظ نہیں، نوازشریف بالکل موجود ہیں ،مسلم لیگ ن کے قائد ہیں، وزیر خزانہ کا فیصلہ میں نے نہیں کرنا قیادت فیصلہ کرتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چاہے ہم اپوزیشن میں ہیں یا حکومت میں مل کر پاکستان کو اس بھنور سے نکالیں، اپنے دشمنوں کو ثابت کریں پاکستان کے معاملات کو خود ڈیل کرسکتے ہیں۔