لندن: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اقتصادی سفارت کاری پاکستان کو مضبوط کرے گی، بیرون ملک پاکستانی مشنز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ روایتی سفارت کاری کے ساتھ ساتھ پاکستان کو موجودہ حالات کے پیش نظر اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بیرون ملک پاکستان کے تمام مشنز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بیش بہا قدرتی اور اعلیٰ معیار کے انسانی وسائل سے نوازا گیا ہے، ملک میں ایک عظیم معیشت بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں بشرطیکہ مالیاتی نظم و ضبط اور بیرونی خسارے کو کم کرنے کے لیے مربوط انداز اپنایا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اب ضرورت ان وسائل کو موثر طریقے سے منظم کرنے کی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وزارتوں کو پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط کرنے کے لیے ٹیم سپرٹ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے تاہم موجودہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان باہمی تعاون کے لیے شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے۔
وزیر خارجہ نے افسران کو تلقین کی کہ وہ ملک میں طویل المدتی سرمایہ کاری لانے اور تجارت کو بڑھانے کے لیے محنت اور لگن سے کام کریں۔
واضح رہے کہ کل 21 مارچ 2024 کو برسلز میں ہونے والی پہلی نیوکلیئر انرجی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔