کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، خصوصی اجلاس میں کراچی میں سٹریٹ کرائم کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ میں امن و امان کے حوالے سے آج ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے متوقع ہیں، ایپکس کمیٹی آج اہم منظوریاں بھی دے گی، اہم فیصلوں کے بعد وفاقی و صوبائی ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کریں گے، ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے سندھ حکومت اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے گی، پراسیکیوشن، انویسٹی گیشن کیلئے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ صدر آصف زرداری کی زیر صدارت کراچی سمیت سندھ میں امن و امان پر ہونے والی بیٹھک میں سندھ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی، 2014ء میں شہر قائد عالمی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا جو 2024ء میں 82 ویں نمبر پر آ گیا، شکاگو، امریکا، نئی دہلی میں کرائم انڈیکس کراچی سے زیادہ ہے۔
اجلاس کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں فیصلہ کن ٹارگٹڈ آپریشن کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم کیخلاف خصوصی آپریشن شروع کیا جائے، آپریشن ایسا ہو کہ شہریوں کا اعتماد بحال ہو، کراچی میں سیف سٹی پراجیکٹ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کریں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو مؤثر بنانے کیلئے ناردرن بائی پاس پر باڑ لگائی جائے۔
صدر نے مزید کہا کہ دیگر ملکوں میں سٹریٹ کرائم کے اسباب ہیں، کراچی میں سٹریٹ کرائم کا کوئی خاص سبب نہیں، گاڑیاں اور موبائل چوری ہونے کے بعد کہاں جاتے ہیں؟، پولیس کو معلوم ہونا چاہیے، زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، رپورٹس ہیں منشیات سکولوں تک پہنچ گئی ہیں جو ناقابل برداشت ہے، کچے میں اغوا اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔