لاہور:(دنیا نیوز) پولیس نے پرائیویٹ سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑیوں کے بغیر چینی باشندوں کے گھومنے پھرنے پر پابندی عائد کر دی۔
پولیس کے اس فیصلے کے بعد متعدد کاروباری چینی باشندے بغیر سکیورٹی کی وجہ سے ہوٹلوں تک محدود ہوکر رہ گئے جبکہ نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کی جانب سے خط بھی لکھا گیا۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ مزید دو دن میں بلٹ پروف گاڑیاں نہ لینے والے پراجیکٹ ، تنصیب کو بند کردیا جائے گا ، بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جائیں یا کرائے پر حاصل کی جائیں۔
علاوہ ازیں محکمہ داخلہ کے سیکشن آفیسر چائنیز سکیورٹی نے ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو خط لکھ دیا ، بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کے لیے دو دن کی مہلت نجی و سرکاری نان سی پیک منصوبوں کو دی گئی ہے ، حکام نے چینی باشندوں کی سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے پہلے آگاہ کردیا تھا ۔