بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور میں سی ٹی ڈی کے زیر حراست کالعدم ٹی ٹی پی کے دو اہم کارندے دہشت گرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا نیٹ ورک وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، دہشت گرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کے لئے لیجایا جارہا تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ دونوں دہشت گردوں کو حاصل پور سے ایک قتل کی تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، نشاندہی کے لئے لیجاتے ہوئے دہشت گرد ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی نے چار رکنی ٹی ٹی پی نیٹ ورک تشکیل دے رکھا تھا۔
حکام کے مطابق نیٹ ورک کے چار کارندوں کو کچھ دن قبل ہی گرفتار کیا گیا، فائرنگ کے دوران سی ٹی ڈی ٹیم بال بال بچ گئی، فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔