لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی خاتون سے کاروبار کے نام پر دو افراد نے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کا فراڈ کر دیا۔
چینی خاتون انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے پاس درخواست لیکر آئی جی آفس گئی لیکن ملاقات نہ ہوسکی، اے آئی جی نے درخواست ایس ایس پی آپریشنز کے نام مارک کی مگر کئی روز گزر جانے باوجود عمل درآمد نہ ہوسکا۔
غیر ملکی خاتون نے درخواست میں کہا ہے کہ ہال روڈ کے فیصل اور وحید نے ایک کروڑ 80 لاکھ کے موبائل اور ایل ای ڈیز منگوائیں، جنوری 2024 کو رقم ادا کرنے کا کہا مگر رقم ادا نہیں کی اور اب دھمکیاں دے رہے ہیں۔
درخواست میں چینی خاتون نے کہا ہے کہ سی سی پی او لاہور کے آفس گئی مگر سینئر آفیسر سے ملاقات نہیں ہوسکی، آٹھ روز گزر جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو سکی پولیس دفاتر کے چکر کاٹ رہی ہوں۔
متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور پولیس میری مدد نہیں کرتی تو مجبوراً اپنے سفارتخانے سے رابطہ کروں گی۔