اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت آج ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت کرے گا، عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔
گزشتہ روز فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی جانب سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراوائی گئی، انکوائری کمیشن کی رپورٹ بذریعہ اٹارنی جنرل آفس سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی۔
آج ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن رپورٹ کا جائزہ لے گی۔
فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن رپورٹ 150 صفحات پر مشتمل ہے، انکوائری کمیشن نے 33 گواہان کے بیانات کی روشنی میں رپورٹ تیار کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انکوائری کمیشن کو کسی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے صرف بطور ثالث کردارادا کیا اور انہیں ڈی جی آئی ایس آئی اور آرمی چیف کی اجازت حاصل تھی۔
انکوائری کمیشن نے رپورٹ میں نتائج اخذ کرنے کے ساتھ 33 سفارشات بھی پیش کی ہیں۔