پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کیلئے قانون سازی کا فیصلہ

Published On 06 May,2024 07:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کیلئے صوبائی سطح پر قانون سازی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبائی ماحولیاتی اداروں کے افسران کے ساتھ اجلاس میں اس مقصد کے تحت حکمت عملی طے کی ہے، ہرقسم کے مائیکرون سے بنی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کیلئے قانون سازی کی جائے گی، پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے سیوریج لائنوں اور برساتی نالوں کی چوکنگ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہرسال نالوں کی صفائی پر کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں، کراچی میں سیوریج کا بڑا نیٹ ورک ہے، متعدد چھوٹے بڑے نالوں کے ذریعے نکاسی آب کا عمل مکمل ہوتا ہے، برسات کے دوران یہ مسئلہ شدت اختیار کر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کیلئے بھی پلاسٹک کی تھیلیاں خطرہ ہیں، سیوریج اوورفلو کی شکایات بھی اسی وجہ سے ہیں جس کی وجہ سے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں۔