اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہوگا، وزیراعظم وفاقی کابینہ کے فورم سے 9 مئی کے واقعہ پر خصوصی پیغام دیں گے۔
کابینہ اجلاس میں 9 مئی واقعہ کی بھرپور مذمت کی جائے گی، اس سلسلہ میں کنونشن سینٹر میں خصوصی تقریب ہوگی جس میں شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کے ارکان بھرپور شرکت کریں گے۔
دوسری جانب سانحہ 9 مئی کے خلاف قرارداد پنجاب اور سندھ اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قرار داد مسلم لیگ ن کی رکن راحیلہ خادم حسین جبکہ سندھ اسمبلی میں قرار داد پیپلز پارٹی کی رکن سعدیہ جاوید کی جانب سے جمع کروائی گئی۔
قرار داد میں حکومت سے 9 مئی واقعہ میں ملوث افراد کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔