لاہور: (دنیا نیوز) لبرٹی چوک لاہور میں افواج پاکستان کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔
آئی پی پی کے رہنما شعیب صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف آج ہم یہاں پاک فوج کے لئے کھڑے ہیں بلکہ آج ہم 9 مئی کے لئے بھی یہاں کھڑے ہیں، حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن دہشت گردوں نے ضمانتیں کروا رکھی ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا دن تھا کہ صرف ایک دن میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، ہمارے ہیروز کے مجسموں کو توڑا گیا، نالوں میں پھینکا گیا، یہ کس انصاف کی توقع رکھتے ہیں، ان کو ہم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنرل عاصم منیر کو اور افواج پاکستان کو جن کی سربراہی میں نہ صرف پاکستان کا پہلا سپیس مشن جاری ہے بلکہ ملک ترقی بھی کر رہا ہے، یہ پاک فوج ہی ہے جن کی وجہ سے ہم رات کو آرام کی نیند سوتے ہیں۔