روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا: گورنر سندھ کامران ٹیسوری

Published On 12 May,2024 01:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس بار حج کم سے کم اخراجات میں یقینی بنایا، اس مرتبہ حج تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، حج کے تمام انتظامات کو ڈیجیٹل بنا کر حج ایپ بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری سالک حسین اور سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی وفد کو کراچی ایئر پورٹ پر دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، حکومت نے اس سال حج کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کے ساتھ تجارتی معاہدے کامیابی سے تکمیل تک پہنچیں گے، ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان دورے پر سندھ میں آنے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں موجود سعودی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا ہے: سعودی سفیر
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ اس سال کراچی ایئر پورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا ہے۔

نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ اس سہولت سے پاکستانی عازمین کی صرف ایک بار امیگریشن ہوگی، کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن کے بعد عازمین کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کو پہلے ہی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا جا چکا ہے۔