سپریم کورٹ نے انتخابات اور ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کو بیان حلفی دینے سے روک دیا

Published On 15 May,2024 10:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے انتخابات 2024ء اور ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کو بیان حلفی دینے سے روک دیا۔

جسٹس منیب اختر نے عمر فاروق کاغذات نامزدگی کیس میں تحریر کردہ دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا، عمر فاروق این اے 99 فیصل آباد اور پی پی 107 سے آزاد امیدوار تھے، سپریم کورٹ نے کہا کہ دوہری شہریت اور اثاثوں سے متعلق حلف نامہ کا عدالتی فیصلہ انتخابات 2018ء کیلئے تھا۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ حبیب اکرم کیس میں دیا گیا بیان حلفی کا فیصلہ انتخابات 2024ء پر لاگو نہیں ہوتا، انتخابات 2024ء اور ضمنی انتخابات میں بیان حلفی نہ دینے کی بنیاد پر امیدوار کیخلاف کارروائی نہیں ہوسکتی، اگر مفرور اشتہاری انتخابات کیلئے اہل ہوسکتا ہے تو صرف مفرور کیسے نہیں ہوسکتا؟

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ہائیکورٹ نے اس بات کا جائزہ نہیں لیا کہ عمرفاروق فوجداری مقدمہ میں ضمانت لے چکا تھا، ریٹرننگ افسر نے تصدیق شدہ بیان حلفی نہ ہونے اور مفرور ہونے پر کاغذات مسترد کئے تھے، الیکشن ٹریبونل نے کاغذات بحال کئے، ہائیکورٹ نے دوبارہ مسترد کر دیئے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا سپریم کورٹ نے مختصر فیصلے میں عمر فاروق کو انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔