اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

Published On 18 May,2024 02:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، ریسکیو آپریشن میں 150 سے زائد اہلکاروں حصہ لیا۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا، سی ڈی اے اور انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے 150 سے زائد اہلکاروں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لوئی ڈنڈی، رتہ ہوتر اور پیر سوہاوہ کے قریب 3 کلومیٹر کے رقبے پر پھیل گئی تھی، ہیٹ ویو اور ہوا کی رفتار میں اضافے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، ہوا تیز ہونے کے باعث آگ کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔