ابراہیم رئیسی کے انتقال پر تعزیت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف تہران پہنچ گئے

Published On 22 May,2024 01:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے تہران پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت پر تعزیت کریں گے، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق  ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔

وزیراعظم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ اور رفقا کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ اور رفقاء کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی۔

یاد رہے کہ 19 مئی بروز اتوار ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔