جینیوا: (ویب ڈیسک ) امریکہ اقوام متحدہ کی جانب سے آج (جمعرات ) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تعزیتی تقریب کا بائیکاٹ کرے گا۔
عرب میڈیارپورٹ کے مطابق برطانوی خبر رساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ 193رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی روایتی طور پر کسی بھی عالمی رہنما کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نشست کا اہتمام کرتی ہے جو اپنی وفات کے وقت ریاست کے سربراہ کے عہدے پر فائز ہوتے ہیں۔
ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبررساں ادارے کو بتایا کہ ’ہم کسی بھی حیثیت میں اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔‘
قبل ازیں امریکی بائیکاٹ کی اطلاع نہیں ملی تھی، نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
امریکی اہلکار نے کہا کہ رئیسی 1988 میں ہزاروں سیاسی قیدیوں کے ماورائے عدالت قتل سمیت انسانی حقوق کی بے شمار، ہولناک خلاف ورزیوں میں ملوث تھے، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں سے کچھ خاص طور پر ایران کی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف، ان کے دور حکومت میں ہوئیں۔
اتوار کے روز ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کے افتتاح کے بعد شمال مغربی پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا ، حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ، ایرانی وزیر خارجہ اور دیگر حکام بھی شامل تھے۔