تہران: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مرحوم ایرانی صدر کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف سے آذربائجان کے وزیراعظم علی اسدوو کی بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور آزر بائیجان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے باکو میں ہونے والی 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعظم اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک قطر دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
شہباز شریف کی ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی ایکسپیڈئینسی ڈسکریمینٹ کونسل کے رکن جناب احمدی نژاد سے بھی ملاقات کی ہے۔