لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے خصوصی عدالتوں میں ججز کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
ججز تقرری کا نوٹیفکیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، ججز تقرری کے نوٹیفکیشن کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جج خالد ارشد کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور ون، جج عمران حیدر کو انسداد دہشت گردی عدالت ٹو لاہور میں تعینات کر دیا گیا جبکہ جج محمد عباس کو انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا میں تعینات کیا گیا ہے۔
جج محمد نعیم سلیم کو انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ، جج رانا شاہد ضمیر کو انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد جبکہ جج ضیاء اللہ خان کو انسداد دہشتگردی عدالت ساہیوال میں تعینات کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت نے خصوصی عدالتوں میں ججز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد بخت فخر کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایپلٹ ٹریبونل کا چیئر پرسن تعینات کر دیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد علی کو لاہور صارف عدالت کا پریزائیڈنگ افسر تعینات کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی کو اینٹی کرپشن عدالت فیصل آباد کا سپیشل جج تعینات کر دیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد اسحاق اینٹی کرپشن عدالت بہاولپور کے سپیشل جج ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر بھٹی کو اینٹی کرپشن عدالت لاہور کا سینئر سپیشل جج تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد حسین بھٹہ کو اینٹی کرپشن عدالت لاہور کا سپیشل جج تعینات کر دیا گیا۔