لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے گندم بحران بارے جوڈیشل انکوائری کروانے کے معاملے پر صوبائی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں گندم بحران پر جوڈیشل انکوائری کروانے کے لئے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی نیب اور چیئرمین نیب کو فریق بنانے کی اجازت دی جائے۔
وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ نگران حکومت نے گندم کے موجود ہونے کے باوجود اسے درآمد کیا، استدعا ہے کہ گندم درآمد کرانے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد گندم بحران پر جوڈیشل انکوائری کے لئے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔