کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے 3 دن شہرِ قائد میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، 29 سے 31 مئی تک کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 29 سے 31 مئی کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں مئی کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 9 مئی 1938 کو ریکارڈ ہوا تھا۔
سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 9 مئی 1938 کو کراچی کا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو اب تک مئی کا سب سے زیادہ ریکارڈ کیا جانے والا درجہ حرارت ہے جبکہ رواں سال 18 مئی شہر میں سب سے زیادہ گرم دن رہا جب پارہ 40.2 ڈگری تک جا پہنچا تھا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا تھا کہ پہلے کبھی کسی سال اچانک گرمی زیادہ پڑجاتی تھی اب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہر سال ہی گرمی کی شدت بڑھتی جارہی ہے اس وجہ سے قدرتی آفات جیسے سائیکلون، گلیشیئر کا پھٹنا اور سیلاب بھی زیادہ آنے لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سندھ میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی، اندرون سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز موہنجو دڑو ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت معمول سے 8.5 فیصد زیادہ 52.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق منگل سے جمعرات تک شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، بدھ اور جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42،43 ڈگری سینٹی تک بھی پہنچ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ ہفتہ سال کا گرم ترین ہفتہ رہنے کی توقع ہے، شہر میں اس دوران سمندری ہوائیں منقطع رہنے اور لو چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ ہفتہ سے درجہ حرارت میں کچھ کمی متوقع ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق شدید گرم موسم میں شہری بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔