مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے 3 سلسلے ہوں گے: رومینہ خورشید عالم

Published On 23 May,2024 01:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے 3 سلسلے ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے، ہیٹ ویو کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 9، سندھ کے 13 اور بلوچستان کے 4 اضلاع ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے عوام کو مختلف ذرائع سے آگاہی دی جا رہی ہے، موسم تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہے ہیں، اس کا بہت بڑا نقصان فصلوں اور گلیشیئرز پگھلنے کی صورت میں ہوتا ہے۔

معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق بہت زیادہ ہیٹ ویو کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، جنگلات کے قریب سگریٹ نوشی نہ کی جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حال ہی میں جنگلات میں آگ لگی فائر فائٹرز نے فوری ایکشن لے کر بجھائی، ان دنوں میں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔