این ڈی ایم اے اور این سی او سی کی مئی اور جون میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی

Published On 15 May,2024 08:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے اور این سی او سی نے مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی۔

پیش گوئی کے مطابق سندھ کے اضلاع عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹندوالہ یار، مٹیاری اور سانگھڑ میں ہیٹ ویو کا خطرہ ہے، پنجاب میں بہاولپور اور رحیم یارخان کے اضلاع میں ہیٹ ویو کے خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

الرٹ کے مطابق ہیٹ ویو انسانوں اور دیگر جانداروں کو بھی متاثر کر سکتی ہے، 15 سے 30 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، ہیٹ ویو کا پہلا سپیل 2 تا 3 دن پر محیط ہوگا۔

مئی کے آخر میں ہیٹ ویو کا دوسرا سپیل 4 تا 5 دن جاری رہے گا، جون کے مہینے میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق جون کے پہلے دس دنوں کے دوران ہیٹ ویو کا تیسرا سپیل متوقع ہے، یہ سلسلہ تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، خیرپور کو متاثر کرے گا، ہیٹ ویو کا تیسرا سپیل 3 تا 5 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔