کڑاکے کی گرمی جوبن پر آنے کو تیار، مئی اور جون میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی

Published On 16 May,2024 11:30 am

اسلام آباد: (فوزیہ علی) این ڈی ایم اے اور این سی او سی نے مئی اور جون میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ 15 سے 30 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جس کے باعث رواں ماہ 2 ہیٹ ویو آنے کے خدشات ہیں۔

این ڈی ایم اے اور این سی او سی کے مطابق ہیٹ ویو کا پہلا سپیل 2 سے 3 دنوں اور دوسرا 4 سے 5 دنوں پر محیط ہو گا، جون کے پہلے 10 دنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے سے ہیٹ ویو کا تیسرا سپیل بھی آئے گا جو 3 سے 5 دنوں پر محیط ہو گا۔

ہیٹ ویو سے سندھ کے اضلاع عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹندوالہ یار، مٹیار ی اور سانگھڑ جبکہ پنجاب میں بہاولپور اور رحیم یار خان متاثر ہوں گے۔