عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج

Published On 27 May,2024 12:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیمرا کی جانب سے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے درخواست فوری سماعت کیلئے منظور کر لی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کچھ دیر میں سماعت کرے گا۔

درخواست امین انور، شوکت کورائی اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی جس میں پیمرا، وزارت انفارمیشن براڈ کاسٹ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پیمرا کی جانب سے عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن 21 مئی 2024 کو جاری کیا، پیمرا قواعد عدالتی لائیو رپورٹنگ کی اجازت دیتے ہیں، عدالتی رپورٹنگ پر پابندی عائد کرنے سے قبل اتھارٹی کی میٹنگ تک نہیں طلب کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا قوانین کے تحت پابندی سے قبل کورٹ رپورٹرز کا مؤقف نہیں سنا گیا، کورٹ رپورٹنگ پر پابندی آئین کے آرٹیکل 8,9,10،18,19 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔