رومال سے ٹشو پیپر تک کا سفر

Published On 27 May,2024 03:26 pm

لاہور: (خاور گلزار) پرانے دور میں چلے جائیں تو پنجاب کی ثقافت میں صافہ کے نام سے ایک کپڑے کا بڑا سا ٹکڑا لباس کا ایک لازم جزو تھا، جسے مرد حضرات کندھے پر رکھتے تھے، جسے گرمی کی شدت سے بچنے یا سردیوں کے موسم میں اس کپڑے سے سر اور منہ کو ڈھانپا جاتا تھا۔

باوقت ضرورت اس کپڑے کو پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کرنے کے بعد اس میں باندھ کر کندھے پر رکھ لیا جاتا تھا۔

یہ پرانے وقتوں کی بات ہے کیونکہ اگر آج کے دور کے بچوں سے پوچھا جائے تو وہ رومال اور صافہ جیسی چیزوں کے ناموں سے بھی واقف نہ ہوں گے، ماضی قریب کے دور میں جب کوئی نہا دھو کر صاف ستھرے کپڑے پہنتا تو ایک رومال ضرور جیب میں رکھتا کیونکہ اس کے بغیر تیاری ادھوری سمجھی جاتی تھی۔

شادیوں میں یہ عام دیکھنے کو ملتا تھا کہ دولہا میاں بن سنور کر جب بارات لے کر دولہن والوں کے گھر پہنچتے توان کے ہاتھ میں ایک رومال ضرور ہوتا، دولہا میاں اس رومال کو اپنے منہ پر رکھ کر شرمانے کی بھرپور کوشش کرتے، یہ ہماری ثقافت کا روایتی حصہ سمجھا جاتا تھا، اگر دولہا میاں رومال رکھنا بھول جاتے تو ان کے ساتھ بارات میں شریک دوست احباب ان کو خاص طورپر یاد دلاتے کہ تمہارا رومال کدھر ہے۔

اس بات سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ انسانی زندگی کے یہ خوشگوار لمحات رومال کے بغیر ادھورے سمجھے جاتے تھے، اس دور میں کپڑے کا یہ ٹکڑا جسے رومال کہا جاتا ہے بچپن سے ہی زندگی کا حصہ ہوتا تھا، بچپن میں اس رومال کو بچے کی ستر پوشی کیلئے بھی استعمال کیا جاتا تھا، جسے لنگوٹ کا نام دیا جاتا تھا اور جب تک بچہ چلنا شروع نہیں کردیتا تھا اس وقت تک لنگوٹ لازم و ملزوم سمجھا جاتا تھا۔

ٹیکنالوجی انسانی زندگی میں جس تیزی سے تبدیلی لائی اسی تیزی سے ضروریات زندگی کی اشیاء کے بھی نت نئے معیار بنتے گئے، اسی طرح صافہ اور رومال کی جگہ ٹشو پیپر اور لنگوٹ کی جگہ پیمپرز نے لے لی اور لنگوٹئے یار اب ’’انڈر ویئر فرینڈ‘‘ کہلائے جانے لگے۔

ٹشو پیپر ہماری روزمرہ زندگی میں کئی وجوہات کی بنا پر بہت اہمیت رکھتا ہے بالکل اسی طرح جیسے پہلے صافہ اور رومال کو اہمیت حاصل تھی، اسی طرح ٹشو پیپر حفظان صحت کے معمولات میں ایک ناگزیر چیز ہے، باتھ روم میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے چہرے کو صاف کرنے سے لے کر کچن اور کھانے کی ٹیبل تک ٹشو پیپر کا استعمال انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

ٹشو پیپر ایک ہلکا پھلکا، نرم اور ڈسپوز ایبل کاغذی پروڈکٹ ہے جو بنیادی طور پر ذاتی حفظان صحت اور صفائی کے مقاصد کیلئے استعمال ہوتا ہے، یہ ری سائیکل شدہ کاغذ کے گودے یا لکڑی کے ریشوں اور پانی کے امتزاج سے تیار کیا جاتا ہے، جسے پتلی، نازک چادروں کی تہوں سے تیار کیا جاتا ہے۔

ٹشو پیپر بلاشبہ ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے، جس کا استعمال انسانی زندگی میں بہت زیادہ ہو چکا ہے، ذاتی استعمال سے لے کر گھریلو صفائی، دستکاری اور پیکیجنگ تک، ٹشو پیپر ایک ورسٹائل ٹول کے طور پر کام کرتا ہے، ٹشو پیپر کے ذریعے بہت سے کام آسان ہوجاتے ہیں اور یہ ہمیں بہت سی جگہوں پر سہولت فراہم کرتا ہے۔

ٹشو پیپر صفائی ستھرائی اور دھول صاف کرنے کیلئے بہترین ہے، ٹشو پیپر پانی کو جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اسی وجہ سے چہرے پر پسینہ ہو، ٹیبل یا کتاب پر پانی چائے یا دیگر مائع چیز گر جائے تو فوراً ٹشو پیپر کو ہی واحد حل سمجھا جاتا ہے، اسی طرح اگر کپڑوں پر بھی کوئی داغ لگ جائے، سالن گر جائے اور کچھ اورپھر بھی ٹشو پیپر ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹشو پیپر نرم نازک جلد کی طرح نرم ہوتا ہے، جلد کی دیکھ بھال اور خوبصورتی کیلئے بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے، میک اپ کو ہٹانے سے لے کر چہرے کے ٹونر یا لوشن لگانے تک، ٹشو پیپر جلن پیدا کئے بغیر نرم ٹچ فراہم کرتا ہے، چہرے کے ٹشو جلد پر ہموار اور نرم ہوتے ہیں، یہ عام طور پر ناک صاف کرنے، آنسو صاف کرنے یا چہرے کی عمومی صفائی کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

روزمرہ کے استعمال کیلئے ٹشو پیپر مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے اسی لئے ٹشو پیپر کو مختلف ڈیزائن اور سٹائل میں تیار کیا جاتا ہے، ٹوائلٹ ٹشو، جسے ٹوائلٹ پیپر یا باتھ ٹشو بھی کہا جاتا ہے، خاص طور پر باتھ روم میں استعمال کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، ٹوائلٹ ٹشو مختلف موٹائی اور ساخت میں تیار کیا جاتا ہے۔

کچن ٹشو جسے پیپر تولیہ بھی کہا جاتا ہے، یہ پانی جذب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور پائیدار ہوتا ہے، یہ سطح کو صاف کرنے، ہاتھ خشک کرنے یا کچن کی شلفوں کو صاف کرنے کیلئے بہترین ہے، باورچی خانے کے ٹشو رولز اکثر آسانی سے پھاڑنے کیلئے پرفوریشن کے ساتھ آتے ہیں، جس سے شیٹ کے سائز کو حسب ضرورت بنایا جا سکتا ہے۔

گفٹ ریپنگ ٹشو پیپر تحائف میں خوبصورتی اور نفاست کا اضافہ کرتا ہے، یہ ہلکا پھلکا، پتلا ہے اور اکثر مختلف رنگوں اور نمونوں میں آتا ہے، گفٹ ریپنگ ٹشو تحائف کی پیشکش کو بڑھاتا ہے، نازک اشیاء کی حفاظت کرتا ہے اور آرائشی مزاج کا اضافہ کرتا ہے۔

صنعتی ٹشو پیپر دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور زیادہ ہیوی ڈیوٹی ہے، یہ صنعتوں میں استعمال ہوتا ہے جیسے فوڈ سروس، آٹوموٹو، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر خدمات کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، صنعتی ٹشو پیپر کو سخت صفائی کے کاموں، سطحوں کو صاف کرنے اور مائعات کو موثر طریقے سے جذب کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

خاور گلزارشعبہ صحافت سے تعلق رکھتے ہیں اور روزنامہ ’’دنیا‘‘ سے وابستہ ہیں۔