اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان، باغ، ضلع خیبر میں افواج پاکستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 5 جوانوں، نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور سپاہی محمد یاسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کیلئے کارروائی کی، اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند اور انکے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے، مجھ سمیت پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنی جانوں پر فوقیت دی، دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔