لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 6 سال بعد ایک بار پھر پارٹی کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔
چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ کی جانب سے جنرل کونسل اجلاس میں ان کے بلامقابلہ پارٹی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا۔
احسن اقبال نے جنرل کونسل اجلاس میں قرارداد پیش کی، قرار داد کے مطابق اجلاس نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے، نوازشریف کو 2017ء کے تحت سازش کے ذریعے جبری طور پر علیحدہ کیا گیا تھا۔
قرارداد کے مطابق اللہ کے فضل سے سازشی آرڈر تمام سزائیں اپنے انجام کو پہنچیں، اللہ تعالیٰ نے قائد نوازشریف کو سرخرو کیا، آج نوازشریف نے پارٹی کی صدارت سنبھال لی ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق جنرل کونسل کا یہ اجلاس ان کی ولولہ انگیزقیادت میں عوامی مقبولیت کی نئی جہتیں طے کرنے کا اعادہ کرتا ہے، یہ اجلاس نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
اس سے قبل رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 11 مئی کو شہباز شریف نے صدارت سے استعفیٰ دیا، اپنے استعفے میں انہوں نے وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں ایک سازش کے تحت نواز شریف کو پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا، ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، انہیں غیر قانونی طریقے سے نا اہل قرار دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا اب جبکہ ان کے خلاف درج جعلی، ناجائز مقدمات اپنے انجام کو پہنچے ہیں، وہ سرخرو ٹھہرے ہیں، میری دلی خواہش ہے کہ جو امانت میرے پاس ہے، میں اسے دوبارہ نواز شریف کے سپرد کروں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 18 مئی کو طلب کیا گیا، بعد ازاں الیکشن شیڈول کا اعلان کیا گیا، آج تک کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا وقت رکھا گیا تھا، مقررہ وقت تک 10 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے، جانچ کے بعد تمام کاغذات ضابطے کے مطابق پائے گئے، ان کاغذات میں نواز شریف کو بطور امیدوار نامزد کیا گیا، درج بالا صورتحال میں نواز شریف واحد امیدوار ہیں جن کے کاغذات موصول اور منظور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کے سامنے اس کارروائی کو تائید اور منظوری کے لیے پیش کرتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی جنرل کونسل کا یہ اجلاس الیکشن کی کارروائی کو پارٹی آئین کی شق 15 اور 120 اے اور 121 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے، جس کی مکمل تائید و منظوری دیتے ہوئے آج کا یہ اجلاس میاں نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منتخب صدر قرار دیتا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ جو اراکین اس قرارداد کے حق میں ہیں، وہ کھڑے ہوکر اپنی تائید و منظوری کا اظہار کریں، اجلاس میں موجود شرکا نے کھڑے ہو کر قرارداد کی تائید کی۔
مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل اجلاس میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔