جڑانوالہ :(دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں۔
یوم تکبیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مخصوص سیاسی جماعت یوم تکبیر کو 1971 سے منسلک کررہی ہے، ہم 28 مئی پر فخر کرتے ہیں، 28 مئی کو پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں، 9 مئی جان بوجھ کر کیا گیا، 1971 کو ذہن میں رکھتے ہوئے 9 مئی کیا گیا لیکن وہ لوگ ناکام ہوئے، ہم 28 مئی کو یہ عزم کرتے ہیں کہ 9 مئی والے پھر ناکام ہوں گے، پاکستان کامیاب ہوگا، جیسے 28 مئی کو پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ہم آج عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت کو بھی ایسے ہی کامیاب بنائیں گے، آج کے دن تک پہنچانے والوں میں نواز شریف کا کردار اہم ہے، کوئی کچھ بھی کہے مگر پوری طاقتور دنیا ایک طرف کھڑی تھی اور پاکستان اور اس کے ادارے، افواج اور میاں صاحب کی قیادت دوسری طرف پاکستان اور عالم اسلام کے لیے کھڑےتھے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ آج پھر ہمیں ضرورت ہے کہ تمام ادارے مل کر ایک کھڑے ہوں اور مایوسی پھیلانے والوں کو ناکام کریں، پاکستان کی عزت اور سیکورٹی کو بہتر بنائیں،28 مئی کو نا صرف یوم تکبیر ہوا بلکہ آج ہی نواز شریف جماعت کے صدر بن رہے ہیں، یوم تکبیر زندہ باد، 9 مئی والے مردہ باد، 9 مئی، شیخ مجیب اور سقوط ڈھاکہ کی ویڈیوز لگانے والے ناکام ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جو پہلے کچھ نہ کرسکے وہ اب کر کے دکھائیں گے اور پاکستان کو کامیاب کریں گے،یوم تکبیر کو منانے کے بجائے منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستان کے اداروں اور فوج کو دشمن کے اداروں کےطور پر پیش کیا جارہا ہے۔