اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر نے کہا ہے کہ یوم تکبیر یقینی طور پر ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
28 مئی یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں رانا تنویر کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت بالخصوص میاں نوازشریف، اعلیٰ فوجی قیادت اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے مصمم ارادے اور حوصلے کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی فوجی قیادت اور سائنسدانوں نے ملکر اس دن کو اس خطے میں ہمیشہ کیلئے طاقت کا توازن قائم کیا اور پاکستان نے مسلسل دفاعی خطرات کے پیش نظر ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آج کا دن یقینی طور پر ہمارے لئے باعث فخر ہے، جب ہمارا ملک دنیا کے نقشے پر ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا، یوم تکبیر اس بات کا آئینہ دار ہے، اگر قوم متحد اور ارادہ مضبوط ہو تو کسی بھی بیرونی اور اندرونی خلفشار پھیلانے والوں کا بھر پور مقابلہ کر سکتے ہیں۔
رانا تنویر نے مزید کہا کہ ملک کے دفاع اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سر سبز ہلالی پرچم تلے مل کر جمع ہو جائیں۔