راولپنڈی: (دنیا نیوز) یوم تکبیر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ موقع 1998ء میں پاکستان کے ایٹمی تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، ایٹمی تجربات نے خطے میں کم سے کم ڈیٹرنس طاقت کا توازن پیدا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی سربراہان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مسلح افواج اور قوم مشکلات کے باوجود قابل ذکر کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خواب کو حقیقت میں بدلنے والے تمام سائنسدان، انجینئرز اور حکام قوم کی تحسین کے لائق ہیں۔
مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین دن پر پاک افواج مادر وطن کی خود مختاری اور وقار کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں ہر لمحہ اور ہر قیمت پر قوم کا دفاع یقینی بنایا جائے گا، انشااللہ پاکستان زندہ باد۔