اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم تکبیر کے سلسلہ میں سرکاری چھٹی کے معاملہ پر وفاقی و صوبائی سطح پر امتحانات متاثر ہو گئے، سپریم کورٹ نے بھی چھٹی کا اعلان کر دیا۔
میٹرک امتحانات
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کے مطابق وزیراعظم کے یوم تکبیر پر عام تعطیل کے اعلان کے بعد میٹرک کے پرچے، امتحانات ملتوی کئے گئے، میٹرک کے ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
وفاقی تعلیمی بورڈ
ادھر سیکرٹری وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق شعبہ امتحانات کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام امتحانات اور پریکٹیکل شیڈول کے مطابق ہوں گے، آئی ٹی سمیت متعلقہ شعبے کھلے رہیں گے۔
ہائر ایجوکیشن
سیکرٹرئ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق 28 مئی سرکاری چھٹی کے باعث پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے عملی امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے، آج صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے شیڈول عملی امتحان ملتوی کر دیئے گئے، اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت
ملک بھر میں یوم تکبیر (28 مئی) کو سرکاری چھٹی کے بعد سیکرٹریٹ پنجاب نے بھی صوبہ بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان
دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر پرعدالتی چھٹی ہوگی۔
آزاد جموں و کشمیر
آزاد جموں و کشمیر میں یوم تکبیر پر عام تعطیل ہوگی، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جامعہ کراچی
جامعہ کراچی میں آج بسلسلہ یوم تکبیر تعطیل رہے گی، جامعہ کراچی میں 28 مئی 2024 ء کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
حکومت بلوچستان
حکومت بلوچستان نے یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، حکومتی اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں آج 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔
الیکشن کمیشن
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر کے سلسلہ میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری سرکاری چھٹی کے نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن کمیشن کے دفاتر بھی آج بند رہیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ
سرکاری تعطیل کے سلسلہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر پر چھٹی کی وجہ سے آج ہائیکورٹ بند ہو گی۔