اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منصوبہ بندی کمیشن کی مرکزی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 6 دانش سکولوں کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔
پلاننگ کمیشن کی سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم کی تجویز سے اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں بہترین اور منفرد تعلیمی اقدام کی حمایت کی جانی چاہئے۔
پلاننگ کمیشن نے وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کے پیش نظر گلگت بلتستان (جی بی)، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع میں موجودہ فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تین، تین دانش سکولوں کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ یہ بھی طے پایا کہ حکومت سکولوں کے مقام کا انتخاب علاقائی عہدیداران کے ساتھ مشاورت کے بعد کرے گی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وزارت تعلیم مؤثر نگرانی کے لیے اپنے پراجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ میں علاقائی حکومتوں کی موجودگی کو یقینی بنائے گی اور منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سکولوں کو مقامی حکومتوں کے حوالے کر کے انہیں موجودہ کیڈٹ کالجز کی طرز پر چلایا جائے گا جبکہ غریب، باصلاحیت اور ذہین طلبہ کو دانش سکولوں میں داخلے دیئے جائیں گے۔
سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے کہا ہے کہ یہ اقدام ان علاقوں کے لیے ایک اچھی کاوش کے طور پر سامنے آئے گا، ہم آنے والے مہینوں میں تفصیلی ڈیزائن پلاننگ کمیشن کے سامنے پیش کریں گے۔