اسلام آباد: (دنیا نیوز) تعلیم کے شعبے کیلئے اچھی خبر، سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے مزید 6 دانش سکولوں کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔
سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے کہا کہ غریب اور ذہین طلبہ کو دانش سکولوں میں داخلے دیئے جائیں گے، آنے والے مہینوں میں تفصیلی ڈیزائن پلاننگ کمیشن کے سامنے پیش کریں گے، تین سکول گلگت بلتستان جبکہ تین آزاد کشمیر میں قائم کئے جائیں گے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم کی تجویز سے اتفاق کیا گیا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بہترین اور منفرد تعلیمی اقدام کی حمایت کی جانی چاہئے، منصوبے مکمل ہونے کے بعد مقامی حکومتوں کے حوالے کردیئے جائیں گے۔
جاری کردہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا دانش سکولوں کو موجودہ کیڈٹ کالجز کے طرز پر چلایا جائے گا۔