خبردار! پاکستان میں ہیکرز نے فراڈ کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

Published On 19 May,2024 08:29 am

اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) پاکستان میں آن لائن فراڈ کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے جس میں ہیکرز شہریوں کو تعلیمی ڈگریوں کی تصدیق کروانے کی پیشکش کر کے ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

عام طور پر پاکستانی شہریوں کو اعلیٰ تعلیم کے نگران ادارے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے اپنی ڈگریوں کی باضابطہ تصدیق کروانے کی ضرورت پڑتی ہے،ایچ ای سی نے ڈگریوں کی تصدیق کے بہانے واٹس ایپ ہیک کرنے اور صارفین کی ذاتی معلومات چُرانے کی شکایات ملنے پر ایک پبلک الرٹ جاری کیا ہے۔

اس میں عوام الناس کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد کی جانب سے شہریوں کو واٹس ایپ کالز کر کے ڈگریوں کی تصدیق کا جھانسہ دیا جاتا ہے اور پھر اُن کی ذاتی معلومات حاصل کر لی جاتی ہیں۔

ترجمان ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ کالز ایک نیا سائبر فراڈ ہے اور شہری اپنی ذاتی معلومات کسی صورت نہ دیں کیونکہ ہمارا ادارہ اسناد کی تصدیق کے لیے کبھی شہریوں کو کال نہیں کرتا۔