کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا، نویں اور دسویں جماعت کے رجسٹرڈ امیدواروں کی کل تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 102 ہے۔
صبح کی شفٹ میں سائنس اور دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کا پرچہ ہوگا، آج نہم جماعت کا کمپیوٹر سٹڈیز اور دہم جماعت کا جنرل گروپ جنرل سائنس کا امتحان لیا جائے گا، ثانوی بورڈ کے امتحانات 31 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔
رواں سال امتحانی مراکز کی تعداد 505 ہے، سینٹرل جیل میں بھی ایک امتحانی مرکز قائم ہے جہاں 22 طلبہ امتحانات میں حصہ لیں گے۔
گورنمنٹ سکول کے امتحانی مراکز کی تعداد 148 ہے، نجی سکولوں کے امتحانی مراکز کی تعداد 357 ہے، حساس امتحانی مراکز 5 ٹاؤنز میں ہیں، جن میں لانڈھی، لیاری، اورنگی، بلدیہ اور کیماڑی شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کے ویجیلنس افسران کی تعداد 50 ہے، امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون لانا سختی سے منع ہے، امتحانی مراکز کے اطراف میں امتحان کے دوران فوٹو سٹیٹ مشینیں استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
امتحانی سینٹر کے اطراف میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے، کے الیکٹرک کو امتحانات کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں خط ارسال کر دیا گیا۔