اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 28 مئی کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔
ملک میں 28 مئی کو یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے، 28 مئی کے دن چاغی کے مقام پر پاکستان نے ایک کے بعد ایک 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا گیا، 28 مئی کو وطن عزیز کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:یومِ تکبیر ملکی دفاع کیلئے ایک جھنڈے تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے: وزیر اعظم
ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے 7 ممالک کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے بھارت کے 14 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کا بھرپور جواب دیا، ایٹمی دھماکوں سے وطن دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا گیا۔
وزیر اعظم نے 28 مئی یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کیا، تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا جس کے تحت تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہے جبکہ تعلیمی اداروں اور بینکوں میں بھی چھٹی ہوئی، تعلیمی بورڈز میں 28 مئی کے روز شیڈول پرچے ملتوی کر دیئے گئے۔
مزید پڑھیں:یوم تکبیر پر عزم کرتے ہیں قوم کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے: سربراہان پاک افواج
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے ملکی سالمیت کیلئے فیصلہ کیا، ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئیں عہد کریں، 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شر پسندی کو ناکام بنائیں گے۔