لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ٹریبونلز کی تشکیل سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گیا ایک ہفتے میں الیکشن کمیشن 6 ججز کا بطور الیکشن ٹریبونل تقرر کرے، عدالت نے ٹریبونل کو کیسز مارک کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار کا نوٹیفکیشن بھی کلعدم قرار دے دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز سے مترادف ہے، جسٹس شاہد کریم کا فیصلہ 26 صفحات پر مشتمل ہے، سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ نے دلائل دیئے۔
فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نامزد کردہ ججز کو بطور ٹریبونل تعینات کرنے کا پابند ہے، اگر چیف جسٹس کسی جج کے نام کو واپس لے لیتے ہیں تو الیکشن کمیشن اس جج کا تقرر مت کرے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن عدالتی حکم کے باوجود الیکشن ٹریبونل کا تقرر نہ کرے تو لاہور ہائیکورٹ آفس اس معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے پیش کرے، الیکشن ٹریبونل کے معاملے میں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو الیکشن کمیشن سے برتری حاصل ہے۔