اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 مظفرگڑھ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 میں 17 مئی سے قبل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے، دوبارہ گنتی کے بعد بھی نتائج میں تبدیلی نہ ہو تو 17 مئی کو ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
حکمنامہ میں کہا گیا درخواست گزار محمد اقبال خان نے عام انتخابات میں بطور آزاد امیدوار صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیا، فارم 47 کے مطابق درخواست گزار 33 ہزار 52 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، فارم 47 کے مطابق جیتنے والے امیدوار نے 34 ہزار 588 ووٹ حاصل کئے۔
حکمنامہ میں مزید کہا گیا درخواست گزار کا کہنا ہے کہ فارم 45 کے مطابق اس نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے، درخواست گزار نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست دی، الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کر دیئے۔
حکمنامہ کے مطابق دوبارہ گنتی سے بچنے کیلئے انتخابات میں جیتنے والے امیدوار نے 20 مارچ کو استعفیٰ دے دیا، الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے حلقے کی صوبائی نشست کو خالی قرار دے دیا، درخواست گزار کے مطابق دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا۔
حکمنامہ میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔