اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کیلئے اپنی معیشت کو بہتر کرنے کا ایک اہم لمحہ ہے، امریکا پاکستان کو اس وقت سپورٹ کرنے کے مواقع چاہتا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے امریکا پاکستان کا ایک اہم پارٹنر ہے، امریکا پاکستان کیلئے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ اور سرمایہ کار ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی فرمز اعلیٰ معیار کی انویسٹمنٹ پاکستان میں لاتی ہیں، پاکستان اپنی معاشی پوزیشن سے نمٹنے کیلئے شارٹ ٹرم کاوشیں کر رہا ہے، پاکستانی اقدامات میں آئی ایم ایف معاہدے بھی شامل ہیں، ہم اس میں سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ ایک طویل مضبوط پارٹنر شپ رہی ہے، اُمید کرتا ہوں ہماری پارٹنرشپ چلتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے باہمی مقاصد ہیں، مجھے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی شہادتوں پر دلی افسوس ہے۔