سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج ہوگی

Published On 03 June,2024 10:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں پر سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اپیلوں پر سماعت کریں گے، 28 مئی چھٹی ہونے کی وجہ سے درخواستوں پر سماعت نہیں ہوسکی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر پی ٹی آئی کے وکلا سے دلائل طلب کیے تھے۔

اس سے قبل سماعت میں عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل کا آغاز کیا تھا جبکہ عدالت نے فریقین کو 11 مارچ کو مکمل تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔