سپریم کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا 15 جولائی سے آغاز

Published On 04 June,2024 07:52 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی کافی تعداد کے پیش نظر موسم گرما کی تعطیلات 15 جون کی بجائے 15 جولائی سے شروع ہوں گی۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ رولز 1980 (رولز)، رول 4 آف آرڈر II کے تحت عدالت کی موسم گرما کی تعطیلات 15 جون یا اس تاریخ کو شروع ہوں گی جو ہر سال چیف جسٹس کے ذریعے طے کی جائیں گی اور گزٹ میں مطلع کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق رول 3 یہ فراہم کرتا ہے کہ عدالت کا عدالتی سال ہر سال ستمبر کے دوسرے پیر کو شروع ہو گا یا اگر اس دن عدالتی تعطیل ہو، تو اگلے کام کے دن اور اگلے سال میں تعطیل کے آغاز تک جاری رہے گا۔

سپریم کورٹ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ زیر التوا مقدمات کے کافی تعداد کے پیش نظر چیف جسٹس نے گرمیوں کی تعطیلات میں ایک ماہ کمی کی ہدایت کی ہے، اس لئے رواں سال سپریم کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات 15 جون کی بجائے 15 جولائی سے شروع ہوں گی۔

اگرچہ سپریم کورٹ کی 2 ماہ کے لئے موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی لیکن معزز ججز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ صرف ایک ماہ کی چھٹیاں لیں۔

مزید برآں عدالت کے دفاتر عام تعطیلات کے علاوہ کھلے رہیں گے اور فوری مقدمات، عدالتی مقدمات کی تاریخ، فوجداری مقدمات اور سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کے سیکشن 2 کے تحت تشکیل کردہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق کوئی بھی مقدمہ دستیاب بنچز کے سامنے سماعت کے لئے مقرر کیا جائے گا۔