وزیراعظم کا ماحولیات کے تحفظ کیلئے اجتماعی کاوشوں پر زور

Published On 05 June,2024 11:36 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ماحولیات پراس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اپنے ماحول کے تحفظ کے لئے ساتھ مل کر کام کریں گے ، یہ انسانوں کی بہتری اور ہمارے سیارے کی بقاء کے لئے ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم ماحولیات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے متاثرہ ممالک میں ہے، گزشتہ سالوں میں پاکستان کو سیلاب اور خشک سالی جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔


انہوں نے مزیدکہا کہ ہم وقت کے دھارے کو واپس موڑ نہیں سکتے تاہم ہم اپنے ماحول کی صحت اور پائیداری کے لئے بہت پر اثر اقدامات کر سکتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ان اقدامات میں جنگلات میں اضافہ ، پانی کے ذخائر کی حفاظت اور ترویج، بنجر زمینوں کی آبادکاری شامل ہیں ، آئیے اس ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لئے کام کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماحول کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی دن آج منایا جا رہا ہے۔