لاہور: (دنیا نیوز) ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے احسن قدم اٹھا لیا، مریم نواز شریف کے حکم پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے مری میں فوڈ اتھارٹی دفتر کا افتتاح کر دیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا مری میں پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر قائم کر کے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا، سیاحوں کی پسندیدہ جگہ پر فوڈ اتھارٹی آفس کے قیام کا مقصد خوراک کے معیار کی مکمل جانچ کو یقینی بنانا ہے۔
بلال یاسین نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا مری پاکستان میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے، فوڈ پوائنٹس پر کڑی نظر رکھی جائے، مری کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کر کے ملحقہ علاقوں سے آنے والے گوشت اور دودھ کی چیکنگ یقینی بنائی جائے، ریسٹورنٹس، کیفے، ٹی شاپس، سٹورز اور ہر قسم کے فوڈ بزنس کی انسپکشن کی جائے۔
وزیر خوراک پنجاب نے کہا خوراک کا کاروبار کرنے والے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں، سیاحوں کی صحت اور انہیں معیاری خوراک کی یقینی فراہمی اولین ترجیح ہے، فوڈ بزنس آپریٹر خوراک میں ملاوٹ سے باز رہیں، قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا مزید کہنا تھا مری میں آنے والے سیاح اشیا کی خرید سے قبل جانچ پڑتال یقینی بنائیں، شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔