6 ماہ کے بعد بابوسر ٹاپ شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

Published On 11 June,2024 11:39 am

بالاکوٹ: (دنیا نیوز) مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ شاہراہ کو 6 ماہ کے بعد برف ہٹا کر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق علاقے میں شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔

شاہراہ کی بحالی سے گلگت، سکردو اور ہنزہ جانے والے افراد کی مشکلات کم ہوگئیں، ناران سے بابوسر ٹاپ تک سیاحوں کی حفاظت کیلئے پولیس چوکیاں بھی قائم کر دی گئیں، بابو سر سے چلاس کے درمیان جی بی اسکاؤٹس گشت جاری رکھیں گے۔

دیامر کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بابوسر ٹاپ اور قریبی علاقوں سے برف ہٹانے کے بعد بابوسر روڈ کو ہلکی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی جانب سے بابوسر روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت عیدالاضحیٰ تک روزانہ صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک کی اجازت دی گئی ہے۔

مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ٹریول ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری/الرٹس کو چیک کرنے کے بعد بابوسر روڈ کیلئے اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔