اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں میڈیا رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے الیکٹرانک میڈیا میں عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف کورٹ رپورٹرز اور صحافتی تنظیموں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی درخواست کو بھی یکجا کر کے سماعت کی گئی، درخواست گزاروں کی جانب سے ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد اور عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا سپریم کورٹ فیصلے میں دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق رپورٹنگ کر سکتا ہے۔
ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب بے شک جتنی مرضی لمبی تاریخ دے دیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ نے پیمرا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج کیا تھا۔